لاکھوں انسانوں کے قاتل مچھروں کا عالمی دن
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i424859-لاکھوں_انسانوں_کے_قاتل_مچھروں_کا_عالمی_دن
جی ہاں، سال میں ایک دن مچھروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اگست کی 20 تاریخ کو۔  
(last modified 2026-07-30T21:40:56+00:00 )
Aug ۲۱, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • لاکھوں انسانوں کے قاتل مچھروں کا عالمی دن

جی ہاں، سال میں ایک دن مچھروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اگست کی 20 تاریخ کو۔  

سحر نیوز/ دنیا: کل (20 اگست کو) ہر سال کی طرح  مچھروں کا عالمی دن منایا گیا۔ اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ مچھر میں ایسی کیا خاص بات ہے یا اس سے کیا فائدہ ہوتا ہے کہ انسان اس کا بھی دن پوری دنیا میں منانے لگا جبکہ یہی مچھر دنیا میں ہرسال لاکھوں انسانوں کی موت کا سبب بنتا ہے؟ در اصل، مچھر میں کوئی خاص بات ہے نہ اس سے کوئی فائدہ بلکہ اس نہایت چھوٹے سے جانور نے، بظاہر جس کا کوئی وجود ہی نہیں ہے، انسان کا اتنا خون چوسا کہ انسان مچھروں کا بھی دن منانے پر مجبور ہوگیا۔  

اس دن کو منانے کا مقصد مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنا ہے کیونکہ مچھروں سے انسانوں میں کئی تکلیف دہ اور مہلک بیماریاں پھیلتی ہیں جیسے ملیریا، زیکا وائرس، زرد بخار، ڈینگو/ڈینگی اور چکن گنیا وغیرہ۔ صرف ملیریا سے ہی پوری دنیا میں کئی لاکھ افراد ہر سال موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ مچھر کے کاٹنے سے ہونے والی بیماریاں دنیا کی سب سے مہلک بیماریوں میں شامل ہیں۔

مادہ مچھر کے کاٹنے سے ملیریا پھیلتا ہے اور اس کا انکشاف ایک برطانوی ڈاکٹر سر رونالڈ روس Sir Ronald Ross نے کیا تھا۔ اس انکشاف کی بنا پر ملیریا سے لڑنے کے لئے سائنس دانوں کو صحیح رہنمائی حاصل ہو سکی۔ ڈاکٹر روس 1857 میں ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے لہذا بعض افراد کو یہ غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ وہ ہندوستانی تھے۔ طب کے میدان میں انہوں نے بہت نمایاں کام کیا۔ 1902 میں ڈاکٹر روس کو طب کے نوبل انعام سے بھی نوازا گیا۔ ڈاکٹر روس نے ہی 20 اگست کو مچھروں کا عالمی دن منانے کی سفارش کی تھی کیونکہ انہوں نے 1897 میں 20 اگست کو ہی یہ انکشاف کیا تھا کہ ملیریا مادہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 1930 سے یہ دن منایا جاتا ہے۔

مچھروں کے سیزن میں ان سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کی جائیں، خاص طور پر اگر گھر میں چھوٹے بچے موجود ہوں۔ آپ خود کو اور اپنے اہل خانہ کو مچھروں کے کاٹے سے محفوظ رکھیں۔ اس کے لئے سب سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ اپنے آس پاس صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ گھر میں اور آس پاس پانی جمع نہ ہونے دیں۔ یہ مچھروں کی افزائش کی سب سے مناسب جگہ  ہوتی ہے۔