کینیا، قبائلی جھڑپوں میں تین سو دس افراد ہلاک
Aug ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
کینیا کے شمال میں سن دو ہزار پندرہ کے ابتدائی چھے مہینوں میں ہونے والی جھڑپوں میں تین سو دس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ کینیا کے شمالی علاقوں میں ہونے والی قبائلی جھڑپوں میں تین سو دس افراد ہلاک، ایک سو پنچانوے افراد زخمی اور دو لاکھ سولہ ہزار دو سو چورانوے افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ کینیا میں سب سے زیادہ جھڑپیں رفٹ ویلی میں ہوتی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار پندرہ کے ابتدائی چھے مہینے میں ہونے والی جھڑپوں کی تعداد سن دو ہزار چودہ کی مجموعی تعداد کے برابر ہے۔ اقوام متحدہ نے سن دو ہزار پندرہ کے ابتدائی ایام میں اعلان کیا تھا کہ سن دو ہزار بارہ میں شروع ہونے والی ان جھڑپوں میں اب تک کم از کم چار سو تہتّر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں کینیا کے شہریوں کی کثیر تعداد بے گھر بھی ہو گئی ہے۔ کینیا کے قبائل کے درمیان پانی کے ذخائر اور چراگاہوں کے سلسلے میں گہرے اختلافات پائے جاتے ہیں۔