اسامہ کی ماں اور بہن ہوائی حادثے میں ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/یورپ-i195839-اسامہ_کی_ماں_اور_بہن_ہوائی_حادثے_میں_ہلاک
لندن میں ہونے والے ہوائی حادثے میں اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور بہن کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
  • اسامہ کی ماں اور بہن ہوائی حادثے میں ہلاک

لندن میں ہونے والے ہوائی حادثے میں اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور بہن کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں-

برطانیہ میں سعودی عرب کے سفیر محمد بن نواف بن عبدالعزیز نے مغربی لندن میں ہونے والے ہوائی حادثے میں القاعدہ کے سابق سرغنہ اسامہ بن لادن کے رشتہ داروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے- اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کے سفیر نے ایک بیان میں کہا کہ مغربی لندن میں بلیک بش ایئرپورٹ پر سعودی عرب کے ا یک نجی جیٹ طیارے کو پیش آنے والے حادثے کے ہلاک شدگان میں اسامہ بن لادن کے رشتہ دار شامل ہیں- سعودی سفیر نے کہا کہ وہ اس حادثے اور ہلاک شدگان کی سعودی عرب جلد منتقلی کے بارے میں برطانوی حکام سے رابطے میں ہیں- سعودی سفیر نے یہ نہیں بتایا ہے کہ مرنے والے افراد کا اسامہ سے کیا رشتہ ہے لیکن برطانیہ کے خبری ذرائع کے مطابق اسامہ کی بہن اور سوتیلی ماں اس حادثے میں ہلاک ہوئی ہیں- واضح رہے کہ سعودی عرب کا ایک نجی جیٹ طیارہ جمعے کے روز برطانیہ کے جنوبی علاقے ہمپشائر میں بلیک بش ہوائی اڈے پر اترتے وقت حادثے کا شکار ہو گیا اور اس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے تھے- برطانیہ پولیس نے جمعے کی شام صرف اس بات کی تصدیق کی کہ اس حادثے میں پائلٹ سمیت چار افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طیارے کا مالک ایک سعودی شہری ہے-