دو ایرانی آئل کمپنیاں پابندیوں کی فہرست سے خارج
Aug ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۵۹ Asia/Tehran
یورپی یونین نے اسلامی جمہوریہ ایران کی دو آئل کمپنیوں کے نام پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیئے ہیں۔
مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد پہلے قدم کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کی پیٹروپارس آئل کمپنی کی دو ذیلی کمپنیوں کے نام پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیئے ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب ان کمپنیوں نے مئی کے مہینے میں یورپی یونین کی عدالت میں ان پابندیوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ برطانیہ کی وزارت خزانہ نے بدھ کے دن کہا ہے کہ ایران کی پیٹروپارس کمپنی کا نام یورپی یونین کی پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔ پیٹروپارس آئل کمپنی کی ان دو ذیلی کمپنیوں کے نام پابندیوں کی فہرست سے خارج کئے جانے کے سلسلے میں کسی طرح کی مخالفت نہ ہونے کے بعد یورپی یونین کی کونسل نے بھی ان دونوں کمپنیوں کو پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیا۔ دریں اثنا اس کیس کی لیگل کمپنی کے ڈائریکٹر پاوانی ریڈی نے کہا ہے کہ اگرچہ ان دو کمپنیوں کے نام پابندیوں کی فہرست سے خارج کئے جانے کا ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن ان کو امید ہے کہ تہران اور یورپ کے تعلقات میں توسیع آنے کے بعد ان کمپنیوں پر دوبارہ پابندیاں عائد نہیں کی جائیں گی۔