فرانس: احتجاج کی وجہ سے سعودی بادشاہ فرار ہونے پر مجبور
Aug ۰۳, ۲۰۱۵ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
جنوبی فرانس کے لوگوں کے احتجاج کی وجہ سے چھٹیاں گزار رہے سعودی بادشاہ اس علاقے سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے ہیں-
روئٹرز کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز جنوبی فرانس کے ایک ساحلی علاقے میں سیر و تفریح کے لئے تین ہفتے کی چھٹیاں گزارنا چاہتے تھے لیکن علاقے کے لوگوں نے سعودی شاہی رہائش گاہ کے سامنے والے ساحل کو بند کرنے کے خلاف ایک دستخطی مہم چلا کر اس پر احتجاج کر کے سعودی بادشاہ کو علاقے سے مراکش بھاگنے پر مجبور کر دیا- اطلاعات کے مطابق فرانس کے ایک مقامی عہدیدار نے کہا کہ سعودی بادشاہ سلمان کے ساتھ آنے والے ایک ہزار افراد میں سے آدھے افراد فرانس سے واپس جا چکے ہیں- اس فرانسیسی عہدیدار نے فرانس سے سعودی بادشاہ کے فرار ہونے کی وجہ نہیں بتائی اور نہ ہی اس بارے میں کچھ کہا کہ سعودی بادشاہ سلمان دوبارہ فرانس آئیں گے یا نہیں- بتایا جاتا ہے کہ ساحل سمندر پر والوریس کالونی میں سعودی حکمراں خاندان کی عالیشان رہائش گاہ پر بادشاہ سلمان اور ان کے ہمراہ بڑے قافلے کے تین ہفتے کے قیام کی وجہ سے اس علاقے کی اقتصادیات میں رونق آ جانا تھی لیکن سعودی حکام کی عالیشان رہائش گاہ کے سامنے والے ساحل کو عوام کے لئے بند کئے جانے کے سبب علاقے کے لوگ برہم ہو گئے- قابل ذکر ہے کہ فرانس کے بہت سے لوگوں نے یمن پر سعودی حملوں اور جارحیت پر تنقید کی ہے-