اسپین میں صیہونی مخالف مظاہرے
Aug ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۳:۰۹ Asia/Tehran
اسپین کے عوام نے بھی صیہونی انتہا پسند آبادکاروں کی جانب سے ایک فلسطینی شیر خوار بچے کو جلا کر مار ڈالے جانے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
اسپین کے عوام نے مختلف شہروں میں مظاہرے کر کے شیر خوار فلسطینی بچے کے نذر آتش کرنے سے متعلق صیہونی آبادکاروں کے اقدام پر شدید غم و غصے اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ مظاہرین، اپنے ہاتھوں میں فلسطین کا پرچم اور ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے کہ جن پر یہ نعرے درج تھے کہ زندہ جلا دیا گیا اور بچوں کا قتل عام بند کرو۔ یاد رہے کہ صیہونی آباد کاروں نے نابلس کے جنوبی علاقے میں واقع دوما دیہات پر حملہ کرکے ایک گھر میں آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک اٹھارہ مہینے کا فلسطینی بچہ جل کر شہید ہو گیا، جبکہ اس کے ماں باپ شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ اسپین کی حکومت نے بھی اس دہشت گردانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی اور صیہونی علیحدہ ریاستوں کی تشکیل، علاقے میں ان محاذ آرائیوں کے خاتمے کا واحد راستہ ہے اور اس بچے کے قتل سے فریقین کے تعلقات، خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔