روس ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو اہمیت نہیں دیتا: لاوروف
Aug ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کے بارے میں ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کو اہمیت نہیں دیتا ہے-
اطلاعات کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی فراہمی کے روس کے فیصلے سے متعلق امریکا کی تشویش کے ردعمل میں کہا کہ ان کا ملک اس میزائل سسٹم کے سلسلے میں صرف اپنے بین الاقوامی وعدوں کا پابند ہے- انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں روس کے لئے تشویش کا باعث نہیں ہیں، کہا کہ وہ تمام یکطرفہ پابندیاں جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توثیق کے بغیر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عائد کی گئی ہیں، ان کی روس کے نزدیک کوئی اہمیت نہیں ہے- امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی عنقریب فراہمی کے بارے میں منگل کے روز تشویش کا اظہار کیا تھا- ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی فراہمی کے معاہدے پر دو ہزار سات میں ایران اور روس نے دستخط کئے تھے لیکن روس نے اس کے باوجود کہ یہ سسٹم دفاعی نوعیت کا ہتھیار شمار ہوتا ہے دو ہزار دس میں روس کے اس وقت کے صدر دمیتری میدودف کے دور میں روس نے مغرب کے دباؤ کے تحت اس معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا تھا- رواں سال مارچ کے مہینے میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کو ایس تھری ہنڈریڈ میزائل سسٹم کی فروخت پر پابندی کو ختم کر دیا اور روسی حکام نے بھی اعلان کیا کہ رواں سال کے آخر تک یہ میزائل سسٹم ایران کے حوالے کر دیا جائے گا-