روس: امریکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے
https://urdu.sahartv.ir/news/یورپ-i197119-روس_امریکہ_عالمی_قوانین_کی_خلاف_ورزی_کر_رہا_ہے
روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر نے امریکہ کی جانب سے رشین فیڈریشن کونسل کی سربراہ کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۸, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۴ Asia/Tehran
  • روس: امریکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے

روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر نے امریکہ کی جانب سے رشین فیڈریشن کونسل کی سربراہ کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔

روس پارلیمنٹ کے اسپیکر سرگئی ناریشکین نے جمعے کے دن کہا کہ امریکہ نے روس فیڈریشن کونسل کی سربراہ ویلنٹینا ماتوینکو کو ویزا دینے میں تاخیر کی ہے جو امریکہ کے غیرقانونی اور غیراخلاقی رویے کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے۔ سرگئی ناریشکین نے امریکہ پر عالمی قوانین سے بےتوجہی برتتے اور ان کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا۔ واضح رہے کہ ویلنٹینا ماتوینکو کی قیادت میں روسی وفد، پارلیمانی اسپیکروں کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک جانے والا تھا۔ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کا یہ اجلاس اکتیس اگست سے لے کر دو ستمبر تک جاری رہے گا۔ روسی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکہ نے تاخیر کے ساتھ جاری شدہ ویزے میں ایسی پابندیاں عائد کی ہیں جس کے وجہ سے رشین فیڈریشن کونسل کی سربراہ کا سفر ناممکن ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ یوکرین کے بحران کی وجہ سے روس اور امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مابین تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں۔