شام کی حمایت جاری رکھنے پر روس کی تاکید
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
روس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ماسکو شامی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ لیبیا کا سناریو دہرایا نہ جائے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جمعرات کے دن ماسکو میں کہا کہ ہم نے شامی حکومت کی مدد کی ہے اور ہم اسے جاری رکھیں گے۔ سرگئی لاوروف نے مزید کہا کہ ہم شام کی فوج کو ہر وہ سامان فراہم کریں گے جس کی اس کو ضرورت ہو گی تاکہ نہ تو لیبیا کے سناریو کو دہرایا جا سکے اور نہ ہی خطے میں رونما ہونے والے دوسرے افسوس ناک واقعات کو دہرایا جائے۔ روسی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ شام جانے والی روسی پروازوں میں فوجی اور انسان دوستی پر مبنی امدادی سامان ہے۔ سرگئی لاوروف نے شام میں روس کے فوجی ماہرین کی موجودگی کے بارے میں بھی کہا کہ ہمارے فوجی ماہرین برسہا برس سے شام میں موجود ہیں۔