عالم اردو بالخصوص برصغیر پاکستان و ہندوستان میں قرآنی ماحول سازی، امت اسلامیہ میں اتحاد و ہمدلی، قرآنیات کے میدان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ساتھ ہی نوجوانوں اور جوانوں کو قرآن کریم کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے تین سال قبل 2021 میں اقرا بین الاقوامی قرآنی مقابلہ سحر اردو ٹی وی تہران پرشروع ہوا۔ ماہ رمضان میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کا سلسلہ اس سال بھی جاری رہے گا۔

اس مقابلے کی افادیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانے کے لئے عالم اردو کے ممتاز قرآنی اساتذہ کی خدمات لی جاتی ہیں جو تجوید، حُسن الصوت، نغمات و الحان اور وقف و ابتدا کے نقطۂ نظر سے قاریاں کرام کی پیش کردہ تلاوتوں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے اصلاحی نکات سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔

اس بار بھی برصغیر کے معروف اور سینیئر قاری استاد سید صداقت علی (پاکستان)، استاد محمد وجاہت رضا (پاکستان)، معروف قرآنی اسکالر حافظ ڈاکٹر سید مجتبیٰ رضوی (ہندوستان) اور معروف قاری اور معلم قرآن استاد عزادار عباس خان (ہندوستان) ججمینٹ کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ میزبان کے طور پر سید باقر رضا کاظمی اس ٹی وی شو میں موجود ہیں۔

’’اقرا‘‘ ماہ رمضان کی پہلی شب سے آخری شب تک اردو داں فرزندان اسلام کی میزبانی کرتا ہے اور مقابلے کی اختتامی محفل میں تین ممتاز قاریان کرام کو کیش انعام سے نوازا جاتا ہے۔ 

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ۲ ہزار یورو، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ۱۵۰۰ یورو جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو ایک ہزار یورو بطور انعام پیش کئے جاتے ہیں۔

Mar ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۹:۱۶ UTC