ماہ مبارک رمضان کے ہر دن کی دعا
ماہ رمضان اسلامی کیلنڈر کا عظیم ترین مہینہ ہے جس میں بندگان خدا کے لیے اللہ کی خصوصی ضیافت کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ ماہ رمضان کو رمضان اس لیے کہا جاتا ہے کہ یہ بندوں کے گناہوں کو جلا کر انہیں گناہوں کی پلیدگی سے پاک کر دیتا ہے۔ ۔ یہی وہ عظیم المرتبت مہینہ ہے جس میں آنحضرت کے قلب مبارک پر خداوند کریم نے قرآن کریم کو نازل فرمایا۔ اسی ماہ میں شب قدر کو قرار دیا گیا ہے کہ جو ہزار مہینوں سے بہتر شب ہے۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس کی وسیع رحمتوں اور برکتوں سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ ایک ایسا مہینہ کہ جس میں انسان کی نیند بھی عبادت کا درجہ حاصل کر لیتی ہے اور اس کا سانس لینا بھی تسبیح کا ثواب رکھتا ہے۔ اس ماہ کے اہم ترین اعمال میں بے بے بضاعت اور نادار لوگوں کی مدد اور دوسروں سے عفو و درگزر ہے۔ ماہ رمضان میں اگر انسان بخشش کا طلبگار ہے تو اس پر لازمی ہے کہ وہ بھی دوسروں کو معاف کرے۔ اس مہینے میں بے شمار خصوصی دعائیں وارد ہوئی ہیں جن کو پڑھنے سے انسان کو خاص توفیقات حاصل ہوتی ہیں۔ انہی دعاؤں میں وہ مختصر دعائیں بھی ہیں جو ہر دن کے لیے الگ الگ وارد ہوئی ہیں۔