Mar ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم  قطعی طور پر کامیاب و کامران : صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے نئے ہجری شمسی سال 1398 کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے 1397 کے سال کو کامیابی کے ساتھ عبور کیا اور ایرانی قوم قطعی طور پر کامیابی و کامرانی کے ساتھ مسائل و مشکلات پر غلبہ پائے گی۔

صدر مملکت نے ایرانی قوم کے خلاف امریکہ کے غیر قانونی اور یکطرفہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں پر دنیا کو اپنے ساتھ کرسکتا ہے مگر آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ چند ایک ملکوں کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک ایرانی قوم کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں من جملہ اقوام  متحدہ، سلامتی کونسل اور جوہری توانائی کے عالمی اداروں نے کہا ہے کہ ایرانی عوام حق پر ہیں اور جن لوگوں عہد شکنی کی اور جرائم کا ارتکاب کیا ان کو سمجھنا چاہئیے کہ اس کا اختتام ان کے حق میں نہیں ہو گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے نوروز کی آمد اور نئے ہجری شمسی سال 1398 پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیا سال، تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ دوستی بڑھانے کا سال ہوگا.

ڈاکٹر حسن روحانی نے نوروز کے موقع پر ایرانی قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں مزید کہا کہ نئے سال میں افراط زر پر قابو پانے اور کرنسی مارکیٹ کے استحکام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے.

صدر روحانی نے نوروز کی آمد پر ایرانی قوم، وطن عزیز کے شہدا کے اہل خانہ اور تمام پڑوسی ممالک کو مبارکباد پیش کی.

انہوں نے کہا کہ ایران کو درپیش حالیہ مسائل و مشکلات کی وجہ ایرانی قوم کے بدخواہ ہیں جنہوں نے سرحدپار سے یہ مسائل پیدا کئے ہیں.

صدرمملکت  کا کہنا تھا کہ نیا ایرانی سال مولا مشکل کشا امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم ولادت سے منسلک ہوا اور ہمیں یقین ہے کہ اس بڑی ہستی کی برکت سے نیا سال ایرانی عوام کے لئے کامیابی کا سال ثابت ہو گا.

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ قوم نے مشکلات کا سخت مقابلہ کیا جبکہ حکومت کی بھی ترجیح ہے کہ عوامی مسائل کو جنگی بنیادوں پر حل کیا جائے. دشمن کی یہ خواہش ہے کہ ہم مشکلات کے سامنے نہیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف آمنے سامنے ہوں تاکہ خلفشار کی فضا پیدا ہو اور ہم ملکی مسائل سے غافل رہیں.

انہوں نے ایرانی قوم سے اپیل کی کہ اپنی صفووں میں اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھیں تا کہ دشمن ناکام رہے اور ہم وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مزید آگے بڑھ سکیں.