یورپ اپنی حد میں رہ کر منھ کھولے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے حوالے سے تہران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ہفتے وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے واضح کیا کہ ایٹمی معاہدے پر ایک بار مذاکرات ہو چکے ہیں اور اب اس معاہدے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی جس کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے ذریعے توثیق کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے اپنے ایک انٹرویو میں امریکہ کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایسے وسیع تر ایٹمی معاہدے کی ضرورت ہے جو یورپ کے مفادات کا تحفظ کر سکے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جرمن وزیر خارجہ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپ اپنی حیثیت و حدود میں رہ کر بات کرے۔
یہ بھی پڑھئے: یورپ نے امریکہ کی ہاں میں ہاں ملانا شروع کر دی
سعید خطیب زادہ نے یہ بات زور دے کر کہی ایران قومی سلامتی کے معاملے پر کسی سے مذاکرات اور سمجھوتہ ہرگز نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی ذمہ داریوں اور حقوق سے پوری طرح واقف ہے اور فریق مقابل کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلاتا رہتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی ملکوں پر واضح کیا کہ جو مقصد زیادہ سے زیادہ دباؤ کے ذریعے پورا نہیں ہوسکا وہ کسی دوسرے راستے سے بھی ہرگز پورا نہیں ہوگا۔