Oct ۱۹, ۲۰۱۹ ۰۶:۱۲ Asia/Tehran
  • چہلم کے موقع پر کربلا میں کروڑوں زائرین حسینی کا اجتماع

عراق سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں شہدائے کربلا کا چہلم آج منایا جا رہا ہے۔

ہمارے نمائندوں  کی رپورٹ کے مطابق اربعین حسینی میں شرکت کے لیے لاکھوں عراقی اور غیر ملکی زائرین نجف اشرف سے پیدل سفر کر کے کربلائے معلی پہنچے ہیں۔ کربلائے معلی میں بار گاہ حسینی اور اس کے اطراف کی تمام شاہراہیں عزاداروں سے بھری پڑی ہیں اور لوگ نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے اس حصے کی جانب رواں دواں ہیں جو بین الحرمین کہلاتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق کربلائے میں اس وقت تین کروڑ سے زائد عزادار موجود ہیں جن میں مختلف مذاہب و مسالک کے لوگ بھی شامل ہیں جو حریت پسندوں کے سید و سالار حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم و لازوال قربانی کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دستے پوری مستعدی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان اور ہندوستان میں شہدائے کربلا کا چہلم  کل بروز اتوار منایا جائے گا اس موقع پر مختلف شہروں سے عزاداری کے سیکڑوں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام ناظرین، سامعین اورکرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس

کمنٹس