Nov ۰۳, ۲۰۲۰ ۰۰:۲۳ Asia/Tehran

افغانستان کے دارالحکومت کابل کی یونیورسٹی میں ایرانی کتب میلے کے افتتاح کے موقع پر دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ کابل یونیورسٹی میں ہونے والے حملے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان کا کہنا تھا کہ ‘کابل یونیورسٹی حملے میں تین افراد ملوث تھے، ان میں سے ایک نے شروع میں ہی خود کو اڑا دیا جبکہ دیگر دو حملہ آوروں کو سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا’۔

افغان نیوز ایجنسی طلوع کی  رپورٹ کے مطابق ‘حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان 6 گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا تاہم فورسز نے تمام تینوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا’۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کابل میں 10 روز کے اندر تعلیمی ادارے میں یہ دوسرا حملہ ہے، ایک ہفتہ قبل ایک تربیتی سینٹر میں خود کش دھماکا ہوا تھا جہاں 30 سے زائد شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

ادھر طالبان کا کہنا تھا کہ اس حملے سے ان کا کوئی تعلق نہیں لیکن حالیہ عرصے کے دوران شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے تعلیمی اداروں کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ٹیگس