Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۹ Asia/Tehran
  •  سزائے موت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں مشرف کی اپیل

پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے اپنے خلاف سزائے موت کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے، اپنے خلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے پینسٹھ صفحات پر مشتمل یہ اپیل سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کردہ اس اپیل میں کہا گیا ہے کہ سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کا ٹرائل ضابطہ فوجداری کے ساتھ ہی آئین پاکستان کی بھی خلاف ورزی ہے لہذا خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں دائر کی گئی ایک الگ درخواست میں بھی استدعا کی گئی ہے کہ حتمی فیصلہ آنے تک خصوصی عدالت کا فیصلہ معطل کیا جائے ۔اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں مقدمہ چلایا گیا اور انہیں وکیل کرنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا ۔یاد رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سات دسمبر کو مختصر فیصلے میں سابق صدر پرویز مشرف کے لئے سزائے موت کا حکم صادر کیا تھا اور سترہ دسمبر کو تفصیلی فیصلہ سنایا تھا۔