May ۱۵, ۲۰۱۷ ۲۲:۴۸ Asia/Tehran
  • بیماریوں سے بچاؤ

ترجمہ و تلخیص: م۔ ہاشم

گرمیوں کا موسم چل رہا ہے اور یہ موسم کئي بیماریاں اپنے ساتھ لاتا ہے۔ موسم گرمیوں کا ہو یا سردیوں کا کوئي بھی بیمار ہونا نہیں چاہتا لیکن پھر بھی کوئي نہ کوئي بیماری انسان کو گھیر ہی لیتی ہے، خاص طور سے موسم گرما میں۔ بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ کیا ہے؟ بیماری کی سب سے اہم وجہ ہے انسانی بدن کا دفاعی نظام کمزور ہونا۔ جسمانی دفاعی نظام کمزور ہونے پر جسم بیماریوں کا مقابلہ نہیں کرپاتا جس کا نتیجہ بیماری کی شکل میں سامنے آتا ہے لیکن اگر ہمارا جسمانی دفاعی نظام  کمزور ہی نہ ہو تو پھر بیماری میں مبتلا ہونے کا امکان بہت ہی کم رہ جائے گا۔

جسمانی دفاعی نظام کو ٹھیک رکھنے اور اپنے آپ کو بیماریوں سے بچانے کے لئے ہم اپنی غذا میں کچھ مندرجہ ذیل اشیا شامل کرسکتے ہیں:

٭ لسن یا لہسن: لسن ہر گھر میں آسانی سے دستیاب ہوتا ہے جو بہت مفید ہے۔ ڈاکٹر بھی اس کی خوبیوں کے قائل ہیں۔ دہلی کے ایک مشہور اسپتال کے ایک ڈاکٹر کے مطابق لسن میں سلفر Sulphur  پایا جاتا ہے جو دفاعی قوت بڑھانے کا کام کرتا ہے۔ یہ اینٹی بایو ٹکس کا کام کرتا ہے اور کئي بیماریوں سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔

٭سماروغ یا مشروم (Mushroom): سماروغ یا مشروم صحت کے لئے بہت مفید ہے۔ ایک متعلقہ ماہر کے مطابق اچھی صحت کے لئے سماروغ کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ یہ خون کے سفید خلیے یا وہائٹ بلڈ سیلز(White Blood Cells) بڑھانے کا کام کرتا ہے اور دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کا کام یہی خلیے کرتے ہیں۔ اس لئے سماروغ کا استعمال مستقل طور پر کیا جائے۔

٭ گاجر: ڈاکٹروں کے مطابق گاجر میں وٹامن اے پایا جاتا ہے، اسی لئے گاجر بدن میں وٹامن اے کی کمی کو پورا کرتی ہے۔ بدن کو تر و تازہ رکھنے کا کام بھی گاجر کرتی ہے۔

٭ چقندر: ماہرین کے مطابق چقندر ہمارے جسم کے لئے اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ سماروغ یا گاجر۔ چقندر ہمارے جسم میں خون بڑھانے کا کام کرتا ہے۔ خون کے سرخ خلیے، آر بی سی(Red Blood Cells) ، بڑھانے میں چقندر کافی مدد کرتا ہے۔ انہیں خلیوں کی وجہ سے خون کا رنگ سرخ ہوتا ہے۔ آر بی سی کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا۔

٭ ہری سبزیاں: متوازن غذا کے لئے ہری سبزیاں بے حد ضروری ہیں۔ ہری سبزیوں میں کئي طرح کے وٹامن اور پروٹین ہوتے ہیں جو جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط کرنے اور انسان کو صحت مند رکھنے کا کام کرتے ہیں۔ اس لئے ہری سبزیوں کو دسترخوان کا جزو لاینفک ہونا چاہئے۔

٭ دہی: ماہرین کے مطابق دہی میں لیکٹو بیسیلس Lactobacillus  بیکٹیریا پایا جاتا ہے جو بدن کے لئے  بےحد مفید ہوتا ہے۔ یہ کھانے کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ کھانا ٹھیک طرح سے ہضم ہونے پر ہی ہمارے بدن کے لئے مفید ہوگا۔ لہذا دہی کا استعمال بھی بہت مفید ہے۔

٭ موسمی پھل: موسمی پھل بھی انسانی صحت کے لئے بہت ضروری ہیں۔ ہمارے لئے جتنے ضروری چاول، روٹی اور دہی وغیرہ ہیں اتنے ہی ضروری موسمی پھل ہیں بلکہ اس سے بھی کئي گنا زیادہ ضروری۔

٭ صاف پانی: صاف پانی اچھی صحت کے لئے  بے حد ضروری ہے۔ گندا پانی جسم کے دفاعي نظام کو کمزور کر دیتا ہے  اور کئي بیماریوں کی وجہ بھی بنتا ہے۔ اسی لئے ہمیشہ صاف پانی ہی پیا جائے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایک دن میں کم سے کم 6 ۔5 لیٹر پانی ضرور پیا جائے۔

(بشکریہ روزنامہ ”ہندوستان“۔دہلی)

 

ٹیگس