صہیونی مظاہرین نے اسرائیلی فوجی اڈے کو نذر اتش کر دیا
مشتعل صہیونی مظاہرین نے فوجی اہلکاروں سے تصادم کے بعد اسرائیلی فوجی اڈے کو نذر اتش کر دیا۔رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج کے درمیان شدید تصادم ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: عبرانی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی آبادکاروں نے گزشتہ شب مغربی کنارے کے علاقے بیت ایل میں قائم اسرائیلی فوجی اڈے کو آگ لگا دی۔
اس رپورٹ کے مطابق، یہ فوجی اڈہ فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں کو روکنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ہفتے غاصب صیہونی فوج کی فائرنگ سے بیسان علاقے کا ایک صہیونی شہری زخمی ہو گیا، جس کے بعد صہیونی آبادکاروں میں غصہ بھڑک اٹھا۔
مشتعل آبادکاروں نے نہ صرف فوجی اڈے کو نذر آتش کر دیا بلکہ صہیونی فوج اور پولیس اہلکاروں پر بھی حملے کئے اور ان کے سازوسامان کو نقصان پہنچایا۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو کے مطابق، آگ لگنے کے نتیجے میں اہم تکنیکی نظام بھی تباہ ہوا، جو مرکزی کمان کے زیر استعمال تھا۔ایک صہیونی سکیورٹی اہلکار نے اس واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اور سرخ لکیر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔