Aug ۱۷, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • لیبیا: عرب لیگ سے سرت شہر میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کا مطالبہ

لیبیا نے عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرت شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کرے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی حکومت نے ایک بیان جاری کر کے عرب لیگ سے اپنے ملک میں فوجی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ اس بیان میں عرب لیگ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سرت شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنائے۔ واضح رہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے سرت شہر کے بارہ باشندوں کے سر قلم کر دیئے تھے اس واقعے کے بعد لیبیا کی حکومت نے عرب لیگ سے اس شہر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا مطالبہ کیا ہے۔ لیبیا کی حکومت نے ہفتے کے دن بھی سرت شہر کی صورتحال کے جائزے کے مقصد سے عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس سے قبل لیبیا کی حکومت کے ترجمان حاتم العریبی نے سرت شہر میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر عالمی برادری سے بمباری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ حاتم العریبی نے خبردار کیا تھا کہ سرت شہر پر دہشت گرد گروہ داعش کے تسلط کی صورت میں بحیرہ روم کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے گا۔ دہشت گرد گروہ داعش نے تقریبا دو ماہ قبل لیبیا کے سرت شہر پر قبضہ کیا تھا اور اس وقت سے لے کر اب تک اس دہشت گرد گروہ کے عناصر نے عوام پر بہت زیادہ مظالم ڈھائے ہیں۔ لیبیا میں گزشتہ دو ماہ کے دوران اس دہشت گرد گروہ کے حملوں میں ایک سو ستّر سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔