عرب ممالک کو جرمن ہتھیاروں کی برآمد دگنی
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۸ Asia/Tehran
عرب ممالک کو جرمن ہتھیاروں کی برآمد میں دگنا اضافہ ہونے کی اطلاعات ہیں-
جرمن جریدے اشپیگل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق دو ہزار پندرہ کی پہلی ششماہی میں عرب ممالک کو جرمنی کے ہتھیاروں کی برآمد میں دگنا اضافہ ہوا ہے- اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب جرمن ہتھیار خریدنے والے پہلے تین ممالک میں شامل ہے اور اس نے تقریبا" سترہ کروڑ ستر لاکھ یورو مالیت کے ہتھیار جرمنی سے خریدے ہیں- برطانیہ اور صیہونی حکومت، جرمنی سے ہتھیار خریدنے والے ممالک کی فہرست میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ سعودی عرب اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہے- اگرچہ بحران زدہ علاقوں میں واقع ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت غیرقانونی ہے لیکن جرمنی حالیہ برسوں میں عربوں کو ہتھیار فروخت کرنے والے سب سے اہم ملک میں تبدیل ہو گیا ہے- انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی تنظیموں نے بارہا اس حققیت کو بیان کیا ہے کہ استبدادی عرب حکومتیں اپنے داخلی مخالفین اور علاقے میں عوامی انقلابی تحریکوں کی سرکوبی کے لئے ان ہتھیاروں کا استعمال کرتی ہیں- جیسا کہ سعودی عرب یمن اور بحرین میں عوامی انقلابی تحریکوں کو سرکوب کرنے کے لئے ان ہتھیاروں کو استعمال کر رہا ہے-