خام تیل کی قیمت میں بھاری کمی
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i205371-خام_تیل_کی_قیمت_میں_بھاری_کمی
عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ گیارہ سال کے دوران اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • خام تیل کی قیمت میں بھاری کمی

عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ گیارہ سال کے دوران اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

خام تیل کی قیمتوں میں کمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ جب سعودی عرب میں ممتاز شیعہ عالم دین آیت اللہ باقر النمر کو سزائے موت دیے جانے اور تہران اور ریاض کے درمیان اختلافات میں شدت آنے کے بعد خام تیل کی پیداوار میں کمی کے لیے اوپیک کے رکن ممالک کے اتفاق رائے کے بارے میں ہر قسم کی امید ختم ہوگئی ہے۔ نارتھ سی برینٹ خام تیل کی قیمت ایک ڈالر پینتیس سینٹ کی کمی کے بعد پینتیس اعشاریہ صفر سات ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی اور یہ جولائی دو ہزار چار کے بعد سے اب تک کم ترین قیمت ہے۔ امریکی تیل کی قیمت میں گزشتہ روز اناسی سینٹ کی کمی واقع ہوئی جبکہ آج بھی اس میں اٹھاسی سینٹ کی کمی آئی ہے اور یہ قیمت پینتیس اعشاریہ نو ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت پٹرولیم کے اوپیک کے امور اور توانائی کے اداروں کے ساتھ تعلقات کے سربراہ مہدی عسلی نے کہا ہے کہ تیل کی منڈی پر ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے اثرات قلیل مدت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ تیل کی طلب سے پچیس لاکھ بیرل اضافی پیداوار تیل کی منڈی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انھوں نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ کشیدگی اور تیل کی منڈی پر اس کے اثرات کے بارے میں کہا کہ تیل کی منڈی پر اس قسم کی کشیدگی کے اثرات قلیل مدت ہوں گے-