پاکستان ایران سے گیس کی درآمدات کا خواہاں
https://urdu.sahartv.ir/news/echonomic_news-i206628-پاکستان_ایران_سے_گیس_کی_درآمدات_کا_خواہاں
پاکستان کے وزیر پٹرولیم نے اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنے ملک کے لئے قدرتی گیس کی درآمدات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • پاکستان ایران سے گیس کی درآمدات کا خواہاں

پاکستان کے وزیر پٹرولیم نے اسلامی جمہوریہ ایران سے اپنے ملک کے لئے قدرتی گیس کی درآمدات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے جمعے کو اسلام آباد میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان بےصبری کے ساتھ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا انتظار کر رہا ہے تاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ جلد سے جلد مکمل ہو سکے۔

انہوں نے پابندیوں کے خاتمے کا وقت قریب آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چونکہ انرجی کی سخت ضرورت ہے اس لئے وہ اس گیس پائپ لائن پروجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرکے ایران سے گیس درآمد کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان کے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ایران سے خام تیل کی درآمدات کو بھی انرجی کے شعبے میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک بہترین موقع قرار دیا جا سکتا ہے اور پاکستان کی آئل ریفائنریاں اپنی ضرورت کا تیل ایران سے حاصل کرسکتی ہیں۔

پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بھی ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون میں توسیع کے لئے پائی جانے والی توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد دونوں دوست اور برادر ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہو گا۔