ایران ایک نئی ابھرتی ہوئی منڈی : لارڈ لامونٹ
ایران کے امور میں برطانیہ کے تجارتی نمائندے نے ایران کے علاقائی کردار کے بارے میں مغربی ممالک کے پروپیگنڈوں پر تنقید کرتے ہوئے سابق سویت یونین کا شیرازہ بکھرنے کے بعد ایران کو سب سے بڑی ابھرتی ہوئی منڈی قرار دیا ہے-
اینڈی پنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی سیاستداں اور ایران کے امور میں برطانیہ کے خصوصی تجارتی نمائندے لارڈ لامونٹ نے کہا ہے کہ علاقے میں سابق سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد سے ایران سب سے بڑی ابھرتی ہوئی منڈی ہے - لارڈ لامونٹ نے جو ابھی حال ہی ایران کے امور میں برطانیہ کے نمائندے منصوب ہوئے ہیں ایران میں برطانوی کمپنیوں کو ہونے والے منافع پر خوشی کا اظہار کیا اور تاکید کی کہ پابندیاں اٹھائے جانے سے کافی مواقع فراہم ہوئے ہیں-
لارڈ لامونٹ نے اینڈی پنڈنٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران دنیا میں تیل کے ذخائر کا حامل چوتھا سب سے بڑا ملک ہے جبکہ گیس کے ذخائر کے لحاظ سے وہ دوسرے نمبر پر ہے اور اس طرح ایران ، انرجی سے سرشار ملک ہے اور تیل پیدا کرنے والے دوسرے ممالک کے برخلاف ، اس کے اقتصاد کے دوسرے پہلو بھی ہیں-
تجارتی امور میں ایران کے لئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے نے علاقائی معاملات میں ایران کے منفی کردار کے بارے میں کئے جانے والے پروپیگنڈوں کے بارے میں کہا کہ میں ایران کے بارے میں مغرب کے بیانات کو نہیں مانتا- انھوں نے کہا کہ مغربی ممالک دوسرے ممالک میں ایران کی مداخلت کی بات کرتے ہیں لیکن جب آل سعود یمن میں مداخلت کرتی ہے یا شامی باغیوں کو فنڈ اور اسلحہ فراہم کرتی ہے تو وہ سعودی عرب کی مداخلت کے بارے میں کچھ نہیں کہتے-
لارڈ لامونٹ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ ایران کی غلطی نہیں ہے کہ عراق میں اس کا اثر و رسوخ بڑھ گیا ہے انھوں نے کہا کہ علاقے میں ایران کا اثر رسوخ مغربی ممالک کے اقدامات کے باعث بڑھا ہے اور صدام کا تختہ ایران نے نہیں الٹا تھا-