ایران اور پاکستان کے تجارتی تعاون کو فروغ دیئے جانے پر تاکید
اسلام آباد میں ایران کے سفیر نے ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعاون کو فروغ دیئے جانے کے مقصد سے بینکنگ سے متعلق رکاوٹیں دور کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے اس ملک کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات میں صوبے پنجاب اور سندھ کے شہروں لاہور اور کراچی کے اپنے حالیہ دوروں اور ان صوبوں کے مختلف سیاسی، اقتصادی اور تجارتی حکام سے اپنی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے کافی مواقع پائے جاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی بینکوں کی جانب سے ایرانی بینکوں کے ساتھ تعاون اور تجارت کو فروغ دینے کے لئے دونوں ملکوں کے تاجروں کو سہولتیں فراہم کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ایران کے خلاف پابندیاں ہٹنے اور مستقبل قریب میں ایران و پاکستان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے بیسویں اجلاس کی تشکیل کے پیش نظر، اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور پاکستان کے وزیر داخلہ نے پابندیوں کے خاتمے کے بعد اس اجلاس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے عمل پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔