ایران اور ہندوستان ویزوں کے اجرا کو آسان بنائیں گے
-
ایران اور ہندوستان ویزوں کے اجرا کو آسان بنائیں گے
اسلامی جمہوریہ ایران اور ہندوستان کے درمیان دونوں ممالک کے شہریوں کے لئے ویزوں کے اجرا میں آسانیاں پیدا کرنے کے بارے میں اتفاق ہو گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایران اور ہندوستان کے سفارتی امور کے عہدیداروں کا ایک اجلاس ہوا۔
جس میں دونوں ممالک کے سفارتی ماہرین نے شرکت کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ میں سفارتی امور کے ڈائریکٹر جنرل علی چگینی نے اس اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ہندوستان کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طالب علموں کو ان یونیورسٹیوں میں داخلہ ملنے کی صورت میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے فوری طور پر ویزا جاری کر دیا جائے گا۔
علی چگینی نے مزید کہا کہ اس اجلاس میں جو فیصلے کئے گئے ہیں ان کے مطابق ایرانی تاجر ہندوستانی تجارتی کمپنیوں یا اپنے ہندوستانی شرکا کی جانب سے دعوتنامہ اور لیٹر دکھانے کی صورت میں فوری طور پر ہندوستان کا ویزا حاصل کر سکیں گے۔
علی چگینی نے مزید کہاکہ اس اجلاس میں عدالتی تعاون اور مجرموں کی حوالگی کے بارے میں بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ جس پر دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کی منظوری کے بعد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ علی چگینی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات میں توسیع کے خواہشمند ہیں۔