پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملہ، جھڑپوں میں آٹھ افراد مارے گئے
پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے مرکز پر حملے کے بعد لڑائی میں آٹھ افراد مارے گئے۔
موصولہ رپورٹوں میں ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پٹھان کوٹ ایئر بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد تقریبا پانچ گھنٹے تک دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ اس لڑائی میں چار حملہ آور دہشت گرد اور چا ر ہندوستانی فوجی مارے گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق سنیچر کی صبح مسلح دہشت گردوں کے ایک گروہ نے پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہندوستان کی فضائیہ کے ایک مرکز پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے کے بعد دہشت گردوں اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان شروع ہونے والی دو طرفہ فائرنگ کا سلسلہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر ختم ہوا۔
آخری اطلاع ملنے تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی لیکن ہندوستان کے سیکورٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ایک علاقے کے رہنے والے تھے اور ان کا تعلق دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے تھا۔ ہندوستان کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد تین دن قبل ہندوستان میں داخل ہوئے تھے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے بقیہ ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لئے پورے صوبہ پنجاب میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا ہے اور ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں اور دیگر مقامات پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پٹھان کوٹ نامی علاقہ، ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کے قریب، اس ہائی وے پر واقع ہے جو جموں و کشمیر کو ہندوستان کے دیگر علاقوں سے ملاتا ہے۔