کشمیر میں داعش کے لئے کوئی جگہ نہیں : حرّیت کانفرنس
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i208101-کشمیر_میں_داعش_کے_لئے_کوئی_جگہ_نہیں_حر_یت_کانفرنس
ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں حرّیت کانفرنس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی بالخصوص کشمیری مسلمانوں کے درمیان داعش کی کوئی جگہ نہیں ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۴:۲۹ Asia/Tehran
  • حرّیت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی
    حرّیت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی

ہندوستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں حرّیت کانفرنس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی بالخصوص کشمیری مسلمانوں کے درمیان داعش کی کوئی جگہ نہیں ہے-

ہندوستانی ذرائع سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق حرّیت کانفرنس کے رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش مختلف ملکوں میں جنگ، تباہی، مسلمانوں کی نسل کشی اور قتل عام کا باعث ہے اور اس دہشت گرد گروہ کی ہندوستان میں کوئی جگہ نہیں ہے-

سید علی شاہ گیلانی نے سنیچر کو سری نگر میں ایک بیان جاری کر کے کہا کہ اگر داعش کے افراد واقعی مسلمان ہوتے تو اپنے بھائیوں کا قتل کرنے کے بجائے صیہونی حکومت کے ہاتھوں سے مسجد الاقصی کو آزاد کرانے کی کوشش کرتے-

حرّیت کانفرنس کے بزرگ رہنما سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ داعش کے جرائم سے اسرائیل کو فائدہ پہنچ رہا ہے کہ جہاں فلسطینی ساٹھ برسوں سے صیہونیوں کے پنجوں میں پھنسے ہوئے ہیں - انھوں نے کہا کہ داعش کے دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے بہت سے اسلامی ممالک میں جنگ چھڑ گئی ہے اور بڑے پیمانے پر تباہی مچی ہوئی ہے-

واضح رہے کہ ہندوستان کی جانچ ایجنسیوں نے اس ملک کے مختلف علاقوں میں حملے کرنے کی سازش تیار کرنے کے الزام میں داعش کے لئے کام کرنے کی شک میں اب تک سولہ افراد کو گرفتار کیا ہے- ان افراد کو حیدرآباد، ممبئی، لکھنو، بنگلور، تمکر اور منگلور شہروں سے گرفتار کیا گیا ہے-