ہندوستان: گیارہ ایرانی ماہیگیر آزاد
ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل نے گیارہ ایرانی ماہیگیروں کی ہندوستانی جیل سے رہائی کی خبر دی ہے۔
حیدرآباد میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے ارنا سے بات چیت میں کہا ہے کہ ہندوستان کی جیل میں قید گیارہ ایرانی ماہیگیروں کو جمعہ کی صبح رہا کر دیا گیا اور وہ کوچین میں جیل سے رہا ہونے کے بعد ایئر انڈیا کی پرواز سے دبئی چلے گئے جہاں سے وہ آج سہ پہر ایران کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
انھوں نے ایرانی ماہیگیری کی کشتی کو چھڑانے کے بارے میں کہا کہ اس وقت اس کشتی میں ٹیکنیکل خرابی ہے جسے دور کرنے کے بعد اس کی حوالگی کے لیے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حسن نوریان نے کہا کہ اس ماہیگیری کی کشتی کے پکڑے جانے کے وقت سے نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے اور ان کے قونصل خانے نے ماہیگیروں کی جلد از جلد رہائی کے لیے کوششیں شروع کر دی تھیں۔
واضح رہے کہ ایران کی اس ماہیگیری کی کشتی کو پانچ جولائی دو ہزار پندرہ کو ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالہ کے قریب پکڑ لیا گیا تھا اور اس میں سوار ایرانی ماہیگیروں کو جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔