ہندوستان: مزید سینکڑوں فوجی جموں کشمیر روانہ
-
احتجاجی مظاہرین اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک پانچ کشمیری مارے جا چکے ہیں۔
ہندوستان نے مزید سینکڑوں فوجی اپنے زیرانتظام جموں و کشمیر کے علاقے میں تعینات کر دیے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے ایک فوجی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ مزید بارہ سو فوجی ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے میں بھیجے گئے ہیں۔ جس کا مقصد اس علاقے میں امن و امان قائم کرنا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق کشمیر کے علاقے میں مزید فوجی تعینات کرنے پر کشمیری رہنماؤں اور عوام نے ہندوستانی حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔ کشمیری عوام نے اپنے علاقے میں مزید ہندوستانی فوجی بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی اور اسلامی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ہندوستان سے جواب طلب کریں۔
واضح رہے کہ ایک ہندوستانی فوجی کی جانب سے ایک کشمیری خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے بعد، کشمیری عوام گزشتہ ایک ہفتے سے ہندوستانی حکومت کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین اور ہندوستانی فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں اب تک پانچ کشمیری مارے جا چکے ہیں۔