نئی دہلی: پاک و ہند سیکریٹری خارجہ کی ملاقات
نئی دہلی میں ہندوستان اور پاکستان کے سیکریٹری خارجہ نے ملاقات کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے آج نئی دہلی پہنچے جہاں انھوں نے ہندوستان کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر سے ہندوستانی دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط بھی شریک تھے۔
نوے منٹ تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں کشمیر سمیت دونوں ملکوں کے درمیان تمام حل طلب امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات وزیراعظم نواز شریف کا عزم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جامع مذاکرات کا سلسلہ ایک عرصے سے رکا ہوا ہے جس کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔