ہندوستان میں دو نامہ نگاروں کا قتل
ہندوستان میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران دو نامہ نگاروں کا قتل کر دیا گیا۔
رپوٹ کے مطابق قتل کا ایک واقعہ ہندوستان کی ریاست بہار کے شہر سیوان میں پیش آیا جہاں ہندی اخبار کے ایک نامہ ںگار راج دیو رنجن کو ریلوے اسٹیشن کے قریب گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ اس رپورٹ کے مطابق قتل کا دوسرا واقعہ ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع چترا کے علاقے دیوریا میں رونما ہوا جہاں ایک نیوز چینل کے پینتیس سالہ نامہ نگار اکھلیش پرتاب سنگھ کو ہلاک کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان کی پولیس نے راج دیو رنجن کے قتل کے سلسلے میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ سیوان میں قتل کا یہ واقعہ جمعے کی شام پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راج دیو رنجن کے سر اور گردن میں گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جبکہ ریاست جھارکھنڈ کے علاقے دیوریا میں پینتیس سالہ نامہ نگار اکھلیش پرتاب سنگھ کو جمعرات کی رات قتل کیا گیا۔ قتل کے اس واقعے پر جمعے کے روز شدید احتجاج اور چترا بند کا اعلان بھی کیا گیا۔