دہشتگردی کے خلاف عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔ صدر پرنب مکھرجی
ہندوستان کے صدر پرنب مکھر جی نے دہشت گردی کے سدباب کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
گھانا کے دارالحکومت اکرا میں اس ملک کے صدر جان دارمانی ماہما سے بات چیت کرتے ہوئے صدر پرنب مکھرجی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مشکل میں تبدیل ہوگئی ہے اور اس کے سدباب کے لیے بھی عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان پچھلے تین عشروں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے ڈھانچے میں اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اپنی عظیم آبادی اور افریقہ میں اپنی اقتصادی توانائیوں کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نمائندگی سے محروم ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کے صدر پرنب مکھرجی چھے روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں گھانا پہنچے ہیں۔ وہ اس کے بعد آئیوری کوسٹ اور نمیبیا بھی جائیں گے۔