ضمنی الیکشن میں محبوبہ مفتی کی فتح
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i233479-ضمنی_الیکشن_میں_محبوبہ_مفتی_کی_فتح
ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے اننت ناگ حلقۂ انتخاب میں ہونے والا ضمنی الیکشن جیت لیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • ضمنی الیکشن میں محبوبہ مفتی کی فتح

ہندوستان کے زیرانتظام ریاست جموں کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے اننت ناگ حلقۂ انتخاب میں ہونے والا ضمنی الیکشن جیت لیا ہے-

ریاست جموں کشمیر میں برسر اقتدار جماعت پی ڈی پی کی صدر اور ریاست کی موجودہ وزیراعلی محبوبہ مفتی نے سترہ ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ان کے قریبی حریف کانگریس کے امیدوار ہلال احمد شاہ کو ساڑھے پانچ ہزار سے کچھ زیادہ ووٹ ملے ہیں - یوں ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے اپنے قریبی حریف کو بارہ ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ہے -

واضح رہے کہ دوہزار چودہ میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں اسی نشست پر محبوبہ مفتی کے والد اور پارٹی کے سربراہ مفتی سعید نے کانگریس کے امیدوار ہلال احمد شاہ کو ہی چھے ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی -

سات جنوری کو ریاست کے وزیراعلی اور پی ڈی پی کے سربراہ مفتی سعید کے انتقال کے بعد یہ سیٹ خالی ہوگئی تھی جس کے لئے ضمنی انتخابات کرائے گئے اور محبوبہ مفتی نے اس میں حصہ لیا -

دوسری جانب کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے محبوبہ مفتی کی کامیابی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت نے محبوبہ مفتی کو کامیاب کرانے کے لئے سرکاری وسائل و ذرائع کااستعمال کیاہے -

ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کے دوران اور بعد میں بھی کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے کارکنوں نے اننت ناگ میں احتجاج کیاہے - کانگریس کا کہنا ہے کہ متعدد ووٹنگ مشینوں میں بھی کچھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے-

دوسری جانب محبوبہ مفتی کی جماعت پی ڈی پی نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں اپنی شکست کو تحمل نہیں کر پارہی ہیں -