یوم انہدام جنت البقیع، ہندوستان میں آل سعود کے خلاف مظاہرے
ہندوستان کے مسلمانوں نے یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں آل سعود حکومت کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
ممبئی، بنارس، لکھنو، حیدرآباد اور دیگرشہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگوں نے امریکہ اور آل سعود حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور انہدام جنت البقیع پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں بھی بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر مارچ کیا اور آل سعود کے ہاتھوں اہلبیت رسول(ع) کی قبروں کو مسمار کیے جانے کی مذمت کی۔
اتر پردیش کے ضلع سادات چھولس کے امام جمعہ مولانا شمشاد نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود نے آئمہ اطہار(ع) کی قبروں کو منہدم کرکے اپنی غیر اسلامی اور غیر انسانی ماہیت کو واضح کر دیا ہے۔
انہوں نے جنت البقیع میں آئمہ طاہرین علیھم السلام کے روضوں کو پھر تعمیر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اکیس اپریل انیس سو چھبیس مطابق آٹھ شوال کو آل سعود حکومت نے مدینہ منورہ میں واقع تاریخی قبرستان جنت البقیع میں اہلبیت علیھم السلام اور صحابہ کرام کے روضوں کو منہدم کر دیا تھا۔ جسے تاریخ میں "یوم انہدام" کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔