داعش ، ہندوستان میں پیر جمانے کی کوشش میں ہے : عراقی سفیر
نئی دہلی میں عراق کے سفیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش، ہندوستان میں دہشت گردی بڑھانے اور خفیہ گروہ تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے
ہندوستان میں عراقی سفیر فخری حسن آل عیسی نے جمعرات کو ایک انٹرویو میں جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی حکومت کو اپنے ملک میں داعش کی جانب سے دہشت گردانہ حملوں کو روکنے کے لئے انتہاپسند گروہوں اور ان کے مبلغین پر پابندی لگانی ہوگی-
انھوں نے کہا کہ داعش کے مبلغین مختلف ملکوں کی مالی مدد سے داعش کا اثر و رسوخ بڑھاتے ہیں اور ان کے لئے دہشت گرد بھرتی کرتے ہیں-
ہندوستان میں عراقی سفیر نے کہا کہ اس طرح کے مبلغوں کی تقریروں سے نوجوان انسانیت کی محبت سے دور ہوجاتے ہیں اور ان لوگوں کا سب سے بڑا مقصد نوجوانوں کو دہشت گردانہ حملوں کے لئے تیار کرنا ہوتا ہے-
ہندوستان میں عراقی سفیر نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ جب ہندوستان میں وہابی مبلغ ذاکر نائک کا معاملہ آج کل سرخیوں میں ہے-