ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کشیدگی برقرار
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i238951-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_کشیدگی_برقرار
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے بیشتر اضلاع میں کرفیو ہٹالیا گیاہے تاہم سری نگر کے بعض علاقوں میں منگل کو بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں کشیدگی برقرار

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے بیشتر اضلاع میں کرفیو ہٹالیا گیاہے تاہم سری نگر کے بعض علاقوں میں منگل کو بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔

کشمیر میں حکام کے اس اعلان کے باوجود کہ حالات میں بہتری آنے کے بعد وادی کےبیشتر اضلاع میں کرفیو ہٹالیا گیاہے سری نگر کے بعض علاقوں میں شدید پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں-

سری نگر میں ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ شہر کے پائین علاقے میں منگل کو بھی لوگوں نے پرتشدد مظاہرے کئے جن کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور نتیجے میں بہت سے افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے -

پچھلے اٹھارہ روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کے دوران جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد چون ہوگئی ہے جبکہ پانچ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں کی بھی خاصی تعداد شامل ہے-

حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو وادی کے بیشتراضلاع میں کرفیوہٹالیا گیا ہے اور لوگوں کے آنے جانے پرکوئی پابندی نہیں ہے- تاہم وادی میں دفعہ ایک سوچوالیس نافذ کردی گئی ہے- وادی میں جگہ جگہ پولیس اور سیکورٹی فورس کے اہلکار تعینات ہیں اور لوگوں سے پوچھ گچھ کررہےہیں -

اس درمیان کشمیرکے کپواڑہ سیکٹرمیں لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستانی سیکورٹی فورس اورعسکریت پسندوں کے درمیان شدید معرکہ ہوا ہے جس میں ہندوستانی حکام کے بقول چارعسکریت پسندوں کوہلاک کردیا گیا ہے - ہندوستانی فوج کا کہناہے کہ معرکےکے دوران ایک عسکریت پسند کوگرفتار کرلیا گیا ہے - ہندوستانی فوج نے دعوی کیا ہے کہ مارے گئے عسکریت پسندوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکرطیبہ سے ہے -