ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i239437-ہندوستان_کے_زیرانتظام_کشمیر_میں_ایک_بار_پھر_کرفیو_نافذ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جامع مسجد کی طرف احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر اور جنوبی کشمیر کے چارعلاقوں میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۹, ۲۰۱۶ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جامع مسجد کی طرف احتجاجی مارچ کو روکنے کے لیے جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر اور جنوبی کشمیر کے چارعلاقوں میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سیکورٹی حکام نے تین روز قبل منگل کے دن احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ کم ہونے اوراس علاقے میں امن وامان کی جزوی بحالی کے بعد تقریبا سترہ دنوں کے بعد کرفیو اٹھا لیا تھا۔

جموں و کشمیر کے ایک سیکورٹی عہدیدار نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے سرینگر کے علاوہ اننت ناگ، کولگام، پلواما اور شوپیاں میں آج صبح سے ایک بار پھرکرفیو نافذ کردیا ہے۔

حریت رہنماؤں سیدعلی شاہ گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے گزشتہ رات ایک بیان جاری کیا جس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد منانے کے لیے جامع مسجد کی جانب مارچ کریں۔

واضح رہے کہ حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں قتل کے بعد نو جولائی کو ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے دس علاقوں میں کرفیو لگا دیا گیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران خونریزاحتجاجی مظاہروں میں پچاس سے زائد افراد جاں بحق اور ساڑھے پانچ ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہندوستانی سیکورٹی فورسزلاٹھی چارج اورآنسو گیس کے ساتھ ساتھ پیلٹ گن بھی استعمال کر رہی ہیں جس پرکافی تنقید اور اعتراض کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ ہندوستان اسے اپنا اٹوٹ حصہ قرار دیتا ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں جن پرعمل درآمد کیا جائے اور کشمیرمیں ریفرنڈم کرایا جائے جس میں ہندوستان یا پاکستان کے ساتھ رہنے کے بارے میں کشمیری عوام کی رائے پوچھی جائے۔