کشمیر میں کشیدگی اور کرفیو
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i239632-کشمیر_میں_کشیدگی_اور_کرفیو
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہفتے کو بھی حالات کشیدہ رہے جبکہ سری نگرسمیت جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
  • کشمیر میں کشیدگی اور کرفیو

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہفتے کو بھی حالات کشیدہ رہے جبکہ سری نگرسمیت جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔

 موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ سری نگر کے شہر خاص، پائین شہر اور مائسمہ میں کرفیو نافذ ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے اضلاع اننتناگ، کلگام اور پلواما میں بھی ہفتے کو سخت کرفیو نافذ رہا- حکام کا کہنا ہے کہ جن علاقوں سے کرفیو اٹھا لیا گیا وہاں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے اور چار یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہے-

ادھر وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بیرو اور آری زال علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ ہے جہاں جمعے کو ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا- اس درمیان وادی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کو بھی پرتشد مظاہروں کاسلسلہ جاری رہا جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے-

دوسری جانب ریاستی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت پر، جس کے بعد سے گذشتہ آٹھ جولائی سے پرتشدد مظاہرے ہورہے ہیں، افسوس ظاہر کیا ہے-

محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ انہیں یا سیکورٹی فورس کو معلوم نہیں تھا کہ جس گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے وہاں برہان وانی موجود تھا اور اگر انہیں اس بات کا علم ہوتا تو وہ برہان وانی کو ایک موقع ضرور دیتیں-

اس بیان کے بعد ہندوستانی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے محبوبہ مفتی کو فون کرکے ان سے کشمیر کے حالات پر تبادلہ خیال کیا-

دریں اثنا امریکا نے بھی کشمیر میں خراب صورت حال پر تشویش ظاہر کی ہے- امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ ہم کشمیر میں کشیدگی کو کم ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں اور دونوں ہی فریقوں سے پرامن حل تلاش کرنے کی سفارش کرتے ہیں-