کشمیر کے بعض اضلاع میں اتوار کو بھی کرفیو رہا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i239860-کشمیر_کے_بعض_اضلاع_میں_اتوار_کو_بھی_کرفیو_رہا
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے بعض اضلاع میں اتوار کو بھی کرفیو نافذ رہا اور مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوتے رہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jul ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
  • کشمیر کے بعض اضلاع میں اتوار کو بھی کرفیو رہا

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے بعض اضلاع میں اتوار کو بھی کرفیو نافذ رہا اور مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوتے رہے۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی کہ اگرچہ وادی کے بیشتراضلاع میں حکام نے کرفیو ختم کردیا ہے تاہم پانچ اضلاع میں بدستور کرفیو نافذ ہے- اس درمیان وادی کے مختلف علاقوں میں اتوار کو بھی پرتشدد مظاہرے ہوئے جن کے نتیجے میں کم سے کم تیس افراد زخمی ہوئے-

کشمیرمیں خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ جن اضلاع اور مقامات سے کرفیو ہٹایا گیا ہے وہاں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے اور حفاظت کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں-

حکام نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں کرفیو ہٹا لیا گیا ہے وہاں لوگوں کے آنے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ آمد و رفت کے دوران سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے ذریعے جگہ جگہ چیکنگ کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے-

کشمیر کی علیحدگی پسند جماعتوں نے اکتیس جولائی کو بھی عام ہڑتال اور مظاہروں کی کال دے رکھی ہے- گذشتہ آٹھ جولائی سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں جاری جھڑپوں میں پچپن سے زائد افراد جاں بحق اور پانچ ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں-