ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں حالات چوبیسویں روز بھی کشیدہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں پیر کو چوبیسویں روز بھی حالات کشیدہ رہے اور مختلف علاقوں سے پرتشدد مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
سری نگر سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ اننتناگ، پمپور اور سری نگر کے کئی علاقوں میں پیر کو بھی کرفیو نا فذ رہا۔ اس درمیان علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر پیر کوعام ہڑتال رہی جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہے- علیحدگی پسند جماعتوں نے کشمیری عوام سے کہا ہے کہ وہ آئندہ پانچ اگست تک احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں-
پیر کو بھی وادی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے جن کے دوران متعدد افراد زخمی ہو گئے- سری نگر میں ایک سینیئر پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ وادی کے بیشتر اضلاع سے کرفیو ہٹا لیا گیا ہے لیکن احتیاطی تدابیر کے طورپر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے-
دریں اثنا سری نگر میں علیحدگی پسند جماعتوں نے تاریخی جامع مسجد تک جلوس نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس اور سیکورٹی فورس نے اسے ناکام بنا دیا۔