ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہڑتال اور مظاہرے
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہڑتالوں اور مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سری نگر سے موصولہ رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز بھی ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہڑتال کے نتیجے میں کاروبار اور تعلیمی و تجارتی مراکز بند رہے جس کے نتیجے میں معمولات زندگی مفلوج رہے۔ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام نے بدھ کے روز بھی کشمیری عوام پر ہندوستانی سیکورٹی فورسزکے تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور کشمیری عوام کا قتل عام بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ کشمیری عوام نے سری نگر میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے سامنے اجتماع کرنے کی کوشش بھی کی جسے ہندوستان کی سیکورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کر کے کئی افراد کو زخمی کر دیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک ماہ سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہڑتالوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ہندوستان کی سیکورٹی فورسزاور کشمیری عوام کے درمیان ہونے والی خونریز جھڑپوں میں ستّر کشمیری مارے گئے جبکہ سات ہزار دیگر زخمی ہوئے۔