دہشت گردی کے خلاف مہم پر ہندوستان کی تاکید
ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری نے دہشت گردی کے خلاف مہم پر تاکید کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ جب تک پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت جاری ہے نئی دہلی اور اسلام آباد کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کی بناء پر ہی دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہوئے ہیں۔ جے شنکر نے کہا کہ ہندوستان، تمام ملکوں کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس سے قبل ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے دو طرفہ مذاکرات کے آغاز کے لئے پاکستان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مذاکرات، پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے عوام کی حمایت بند کئے جانے کی صورت میں ہی کئے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جامع مذاکرات، جنوری میں ہندوستان کے خارجہ سیکریٹری ایس جے شنکر کے دورہ پاکستان کے ساتھ شروع ہونے والے تھے مگر ہندوستان کی ریاست پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ کے ایئربیس پر ہونے والے حملے کی بناء پر یہ مذاکرات منسوخ کر دیئے گئے۔ اس حملے کے نتیجے میں ہندوستان کے سات سیکورٹی اہلکار نیز چھے حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔ حکومت ہندوستان کا کہنا ہے کہ اس کے ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے حملہ آوروں کو پاکستان کی آئی ایس آئی کی حمایت حاصل ہوتی ہے جبکہ حکومت پاکستان، اس قسم کے تمام الزامات کی تردید کرتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اختلافات جاری ہیں۔