مسئلہ کشمیر کو مذاکرات سے حل کیا جانا ضروری، ہندوستانی وزیراعظم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i244168-مسئلہ_کشمیر_کو_مذاکرات_سے_حل_کیا_جانا_ضروری_ہندوستانی_وزیراعظم
ہندوستان کے وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے مذاکرات کو ضروری قرار دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۳:۲۸ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کو مذاکرات سے حل کیا جانا ضروری، ہندوستانی وزیراعظم

ہندوستان کے وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے مذاکرات کو ضروری قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر کی اپوزیشن جماعتوں کے وفد سے ملاقات میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے کا دیرپا اور مستقل حل نکالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لئے ہندوستانی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے مذاکرات کا راستہ نکالا جانا چاہئے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نے کشمیر میں کئی ہفتے سے جاری پرتشدد واقعات پر گہری تشویش اور دکھ کا بھی اظہار کیا جس میں اب تک ستر زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ ملاقات میں کشمیری رہنماؤں نے کشمیریوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت، معاملے کا سیاسی حل نکالنے کے بجائے طاقت کا استعمال کررہی ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات کے حوالے سے ہندوستانی وزیراعظم کے بیان کو حوصلہ افزاء قرار دیا جا رہا ہے کیوں کہ ہندوستانی سیاستداں اب تک یہ بیانات دے چکے ہیں کہ کشمیر میں مظاہرین سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ گزشتہ دنوں پاکستان نے بھی ہندوستان کو کشمیر کے مسئلے پر مذاکرات کی دعوت دی تھی تاہم ہندوستان نے کہا تھا کہ وہ پاکستان کے ساتھ محض کشمیر کے معاملے پر نہیں بلکہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی پر بھی بات چیت کرنا چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ آٹھ جولائی کو کشمیر کی مسلح تنظیم حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں اور اب تک ستر سے زائد کشمیری جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پچھلے پینتالیس روز سے ہندستان کے زیرانتظام کشمیر میں کرفیو بھی نافذ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔