ہندوستان میں زیر تعمیر آبدوزوں کی حساس معلومات ہیک کر لی گئیں
ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسکورپین آبدوز کی ساخت اور تیاری سے متعلق خفیہ اطلاعات کے بائیس ہزار صفحات ہیک کر لئے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں ہندوستان کے وزیر دفاع منوہر پاریکر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ہیک شدہ صفحات میں مذکورہ آبدوزوں کی مکمل معلومات نہیں ہیں کیونکہ حتمی معلومات اب بھی ہندوستان کے اختیار میں ہیں۔ ہندوستان میں فرانس کے تعاون سے تیار کی جانے والی اسکورپین آبدوزوں کے منصوبے پر ساڑھے تین ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ ادھر ہندوستان کی وزارت دفاع نے بھی کہا ہے کہ معاملے کا جائزہ لینے کے لئے وزارت دفاع کے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ جو معلومات ہیک کی گئی ہیں ان میں مذکورہ آبدوزوں کی آواز، رفتار اور گہرائی میں جانے سے متعلق معلومات شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے پاس اس وقت تیرہ قدیم آبدوزیں ہیں جن میں سے نصف ناکارہ ہو گئی ہیں۔