مرکز حریت کانفرنس سمیت سبھی طبقوں سے بات چیت کرے: محبوبہ مفتی
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i246370-مرکز_حریت_کانفرنس_سمیت_سبھی_طبقوں_سے_بات_چیت_کرے_محبوبہ_مفتی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ وادی میں جاری بحران کو حل کرنے کے لئے حریت کانفرنس سمیت کشمیر میں سماج کے سبھی طبقوں سےبامعنی مذاکرات کرے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۱ Asia/Tehran
  • مرکز حریت کانفرنس سمیت سبھی طبقوں سے بات چیت کرے: محبوبہ مفتی

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیراعلی محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ وادی میں جاری بحران کو حل کرنے کے لئے حریت کانفرنس سمیت کشمیر میں سماج کے سبھی طبقوں سےبامعنی مذاکرات کرے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ میں مارے گئے ایک کشمیری شہری کے گھروالوں سے ملاقات کے بعد  وزیراعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت کو مسئلے کو سلجھانے کے لئے ہونے والی بات چیت میں اب مزید تاخیر کئے بغیر حریت کانفرنس کے لیڈروں سمیت سماج کے سبھی طبقوں سے مذاکرات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت کو چاہئے کہ وہ جموں کشمیر میں امن و امان کو ایک حقیقت میں تبدیل کرے- کلگام میں سیکورٹی فورس کے اہلکاروں کے  ہاتھوں مارے گئے معشوق احمد کے گھروالوں سے ملاقات کے بعد محبوبہ مفتی نے اپنے فیس بک کے پیج پر لکھا ہے کہ ہم نے اس نوجوان کے گھروالوں سے ملاقات کی ہے اور ہمیں ان کے گھروالوں سے ہمدردی ہے۔

محبوبہ مفتی کا کہنا تھاکہ انسان کی زندگی کا نقصان بہت بڑا المیہ ہے اس لئے سبھی کو جموں کشمیر میں امن و امان قائم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے- انہوں نے کہا کہ دو مہینے سے جاری بحران میں ایسا پہلی بار ہے جب ملک کی سبھی سیاسی جماعتوں کی طرف سے یہ بات کی جا رہی ہے کہ جموں کشمیر کے بحران کو حل ہونا چاہئے اور اس کو کیسے حل کیا جائے،  اس کے لئے کل جماعتی وفد بات چیت کے لئے کشمیر آ رہا ہے۔

محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ملک کے اندر اس پرمتفقہ رائے قائم کی جائے اور اس مسئلے کو سلجھانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائے جائیں- ریاست جموں کشمیر کی وزیراعلی نے کہا کہ علیحدگی پسند قیادت کو بھی ایک قدم آگے بڑھنا ہو گا اور مرکزی حکومت کو بھی وادی میں جاری بے چینی کو ختم کرنا ہوگا۔

محبوبہ مفتی نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب اتوار کو مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں ایک تیس رکنی کل جماعتی وفد سری نگر پہنچ رہا ہے- اس درمیان کانگریس ، بائیں بازو کی جماعتوں اور کئی دیگر سیاسی جماعتوں نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ حریت کانفرنس سمیت کشمیر میں سبھی جماعتوں سے بات چیت کرے۔