پاکستان: جماعت اسلامی نے دھرنا ختم کرنے کی حکومت کی درخواست مسترد کردی
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے دھرنے موخر کرنے کی درخواست کی تھی، ہم نے کہا دھرنے بھی چلتے رہیں گے، بات چیت بھی چلتی رہے گی۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفد نے منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی، وفاقی وزرا سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے دھرنے موخر کرنے کی درخواست کی تھی، ہم نے کہا دھرنے بھی چلتے رہیں گے، بات چیت بھی چلتی رہے گی، حکومت سے بات چیت کیلئے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 19دن سے ملک میں 30 جگہ جماعت اسلامی کے دھرنے ہورہے ہیں، ہمیں کوئی شوق نہیں عوام کو درپیش مسائل کی وجہ سے دھرنے دیئے، 6 سال میں ملک میں غربت میں 33 فیصد اضافہ ہوا، حکومتی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، موٹر سائیکل والا ایک لیٹر پیٹرول پر 35 فیصد ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے، اس بجلی کے پیسے عوام دینے پر مجبور ہیں جو بنتی بھی نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر لیوی معطل کرنے کے بجائے اس میں اضافہ کیا گیا، جب سے لیوی شروع ہوئی ہے، 8 ہزار ارب روپے جمع ہوچکے ہیں، اس سال تو حکومت نے لیوی کی مد میں ہدف سے زیادہ رقم جمع کی ہے، مہنگائی نے لوگوں کا جینا دو بھر کردیا ہے، پیٹرول کی قیمت، لیوی، آئی پی پیز اور روٹی کی قیمت کم کرنا ہمارے مطالبات ہیں، پیٹرول پر لیوی ختم اور قیمت بھی کم ہونی چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بہت سارے شہروں میں آج مکمل ہڑتال ہوئی ہے، دھرنے بھی چلتے رہیں گے، بات چیت بھی چلتی رہے گی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel