کشمیرمیں لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج اور مسلح افراد کے درمیان تصادم
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i249283-کشمیرمیں_لائن_آف_کنٹرول_پر_ہندوستانی_فوج_اور_مسلح_افراد_کے_درمیان_تصادم
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستانی فوج اور مبینہ مسلح دراندازوں کے درمیان تصادم میں ہندوستانی فوج کے بقول دس درانداز ہلاک ہوگئے ہیں -
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۳:۳۰ Asia/Tehran
  • کشمیرمیں لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج اور مسلح افراد کے درمیان تصادم

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ہندوستانی فوج اور مبینہ مسلح دراندازوں کے درمیان تصادم میں ہندوستانی فوج کے بقول دس درانداز ہلاک ہوگئے ہیں -

سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہندوستانی فوج کے بقول مسلح دراندازوں کے ایک گروپ نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے ہندوستان کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی - فوج نے مسلح  افراد  کو جو دراندازی کی کوشش کررہے تھے ہتھیار ڈال دینے کو کہا لیکن انہوں نے فوج پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں فوج نے بھی فائرنگ کی - فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے اس تبادلے میں کم سے کم دس مسلح درانداز ہلاک ہوگئے -  ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ دراندازوں اور فوج کے درمیان گولے باری کے تباد لے کا سلسلہ بدستور جاری ہے-  فائرنگ کے تبادلے اوردراندازی کا یہ واقعہ اوڑی سیکٹر میں اسی مقام پر پیش آیا جہاں اتوار کو ہندوستانی فوجی مرکز پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا - اس درمیان لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سے گولے باری کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں - ہندوستانی فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجیوں نے منگل کی دوپہر تقریبا ایک بجے اوڑی سیکٹر میں ہندوستانی فوجی ٹھکانوں پر گولہ باری کی- اس سے پہلے پاکستان نے بھی کہا تھا کہ ہندوستانی فوج نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے - ہندوستانی فوج کے ترجمان کرنل راجیش نے بھی بتایا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی دونوں سمت ہندوستانی اور پاکستانی فوجیوں نے ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے -