کشمیر کے مسئلے پر مودی حکومت پر کانگریس کی شدید تنقید
ہندوستان میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ کشمیر کے بارے میں اس کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے
اتوار کو کشمیر میں اوڑی کے قریب ہندوستانی فوجی مرکز پر مسلح افراد کے حملے کے بعد مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی پر وار کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں مرکزکی موجودہ سرکار کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے - راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹر پیج پر لکھا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو مسئلہ کشمیر سے نمٹنے کے لئے ایک طویل مدتی حکمت عملی تیار کرنی چاہئے - اوڑی فوجی مرکز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مرکزی حکومت نے جو سیاست اپنائی ہے اس سے دہشت گردی کے لئے گنجائش نکلی ہے- دوسری جانب ہندوستان کے وزیردفاع منوہر پاریکر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اوڑی حملہ ناقص سیکورٹی اقدامات کی بنا پرہوا ہے - منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ اوڑی حملے کو روکنے میں سیکورٹی کی جوخامیاں رہی ہیں ان کی تحقیقات کی جارہی ہیں