ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں سخت بندشیں اور ہڑتال
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں چھہترویں روز بھی سخت بندشوں اور ہڑتالوں کے باعث عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ متعدد مقامات پر پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں-
سری نگر سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ وادی کے طول و عرض میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور علیحدگی پسند جماعتوں کی کال پر سری نگر کے بالائی علاقے کی جانب مارچ کے پروگرام کو حکام نے ناکام بنا دیا ہے - سری نگر کے مضافاتی علاقوں مہجور پور راج باغ اور جواہرنگر میں لوگوں نے مارچ کرنے کی کوشش لیکن پولیس نے اسے ناکام بنادیا - مہجورپور میں مارچ کی کوشش کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں -
بڈگام سے بھی اطلاعات ہیں کہ وہاں بھی لوگوں نے ایک مارچ نکالنے کی کوشش کی جس کو سیکورٹی فورس نے ناکام بنادیا ہے - حکام کا کہنا ہے کہ وادی کے سبھی علاقوں میں حالات تیزی سے بہتر ہورہے ہیں اور لوگوں نے علیحدگی پسند جماعتوں کی ہڑتال سے متعلق کال کو اب مستردکردیا ہے جو بحالی امن کے لئے ایک اچھا اشارہ ہے -
اس درمیان جہاں ہڑتال کے باعث اسکول، کالج، تجارتی مراکز بند ہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے وہیں سری نگر میں نجی گاڑیاں سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں - دوسری جانب شمالی قصبہ بانڈی پورہ میں سیکورٹی فورس اور مسلح افراد کے درمیان ایک جھڑپ میں ایک مسلح شخص ہلاک ہوگیا ہے -