ہندوستان اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i249850-ہندوستان_اور_فرانس_کے_درمیان_رافیل_طیاروں_کی_خریداری_کا_معاہدہ
ہندوستان نے فرانس سے رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے ایک سودے پر دستخط کردئے ہیں-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  •  ہندوستان اور فرانس کے درمیان رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ

ہندوستان نے فرانس سے رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے ایک سودے پر دستخط کردئے ہیں-

ہندوستان اور فرانس کے وزرائے دفاع نے رافیل لڑاکا طیاروں کے جس سودے پر دستخط کئے ہیں اس کی مالیت آٹھ ارب اسّی کروڑ دالر ہے -

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق نئی دہلی میں  ہندوستانی وزیردفاع منوہر پاریکر اور فرانسیسی وزیردفاع  جین ییوس لی ڈرائن نے ایک تقریب میں اس معاہدے پر دستخط کئے - اس سودے کو حتمی شکل دینے کے لئے پچھلے کئی برسوں سے مذاکرات ہورہے تھے -

ہندوستانی وزیراعظم نریندرمودی نے ڈیڑہ سال قبل اپنے دورہ فرانس میں فرانس سے چھتیس رافیل طیارے خریدنے کا اعلان کیا تھا - ہندوستان کو فرانس سے رافیل لڑاکاطیاروں کی فراہمی آئندہ چھتیس مہینے میں شروع ہوجائے گی اور اس کے بعد چھیاسٹھ مہینے کے اندر سبھی چھتیس طیارے ہندوستان کو مل جائیں گے -

ان طیاروں میں میٹیر اور اسکلیپ جیسے اسٹیٹ آف دی آرٹ میزائل نصب ہیں - ان طیاروں کی خاص بات بھی ان کی بیانڈ ویجویل رینج یا بی وی آر میٹیر میزائل ہے جو فضا سے فضا میں ایک سوپچاس کلومیٹر دور تک مار کرسکتاہے -

دفاعی ماہرین کا کہناہے کہ یہ رافیل طیارے ہندوستانی فضائیہ کی دفاعی استعداد میں اضافے کا باعث بنیں گے - ہندوستان میں موجودہ حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد نئی دہلی اب تک ایک سو ارب ڈالر مالیت کے کئی دفاعی معاہدوں پر دستخط کرچکا ہے -

فرانس کے رافیل طیاروں کا یہ سب سے بڑا آرڈر ہے- اس سے  پہلے دوہزار پندرہ میں مصر نے فرانس سے چوبیس رافیل طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جبکہ قطر نے بھی گذشتہ برس چوبیس رافیل طیارے فرانس سے خریدے تھے-